امریکی ایوان نمائندگان کانگریس کی رکن جینیفر ویکسٹن نے مصنوعی ذہانت کے ذریعے اپنی کھوئی ہوئی آواز کو دوبارہ تخلیق کرلیا۔
جینیفر ویکسٹن ایک دماغی بیماری پروگریسو سوپرانوکلیئر پالسی (PSP) کا شکار ہوگئی تھیں، انہوں نے مصنوعی ذہانت (AI) کی مدد سے اپنی آواز دوبارہ تخلیق کی ہے تاکہ اس کے ذریعے وہ اپنے فرائض بخوبی انجام دے سکیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق ویکسٹن کو گزشتہ سال اس لاعلاج بیماری کی تشخیص ہوئی تھی، جس کے بعد ان کی آواز کمزور اور غیر واضح ہو گئی تھی۔ تاہم، اے آئی کمپنی نے پرانی ریکارڈنگز کا استعمال کرتے ہوئے ان کی آواز کا ایک نیا ماڈل بنایا، جسے انہوں نے ایوان میں خطاب کےلیے استعمال کیا۔
ویکسٹن کا کہنا ہے کہ یہ ٹیکنالوجی ان کےلیے ایک نیا موقع فراہم کرتی ہے اور اس سے نہ صرف ان کے کام میں بہتری آئی ہے بلکہ یہ مصنوعی ذہانت کے مثبت استعمال کی ایک اہم مثال بھی ہے۔
تاہم اپنی بیماری کے باعث ویکسٹن نے اعلان کیا ہے کہ وہ اپنے موجودہ دور کے اختتام کے بعد دوبارہ انتخاب نہیں لڑیں گی۔