صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی تعلیمات اور رہنمائی پر عمل کر کے مضبوط اور خوش حال پاکستان بنا سکتے ہیں۔
انہوں نے قائدِاعظم محمد علی جناحؒ کی 76 ویں برسی پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قائدِ اعظمؒ کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہیں، پاکستان کے لیے قائدِاعظم کا وژن بنیادی طور پر جمہوری تھا۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ قائدِ اعظم ایسی ریاست کے خواہاں تھے جہاں تمام شہری قانون کے سامنے برابر ہوں، قائدِ اعظم محمد علی جناحؒ کی جدوجہد نے پاکستان کے جمہوری نظام کی بنیاد رکھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائدِ اعظم آج بھی پارلیمانی جمہوریت اور بین المذاہب ہم آہنگی کے لیے مشعلِ راہ ہیں، انہوں نے مسلمانوں کے حقوق سے متعلق اپنا غیر متزلزل مؤقف برقرار رکھا، آج کے دن، ہم قائد کی اقدار اور نظریات کے لیے خود کو وقف کرتے ہیں۔
صدرِ مملکت کا کہنا ہے کہ قائدِ اعظم جمہوریت اور سماجی و اقتصادی انصاف کے اسلامی اصولوں پر مبنی پاکستان چاہتے تھے، ترقی کے لیے ان کے اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے اصولوں کو مشعلِ راہ بنانے کی ضرورت ہے۔