بنگلا دیش کے دارالحکومت ڈھاکا سے آذربائیجان کے دارالخلافہ باکو جانے والی پرواز نے فنی خرابی کے باعث کراچی میں ہنگامی لینڈنگ کی ہے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق فلائی پرو ایئر لائن کی پرواز ایف پی 5202 ڈھاکا سے باکو جا رہی تھی کہ بھارتی فضائی حدود میں طیارے میں فنی خرابی پیدا ہوئی۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ہائیڈرولک سسٹم میں خلل کے باعث بوئنگ 747 طیارہ بلندی نہیں پکڑ پا رہا تھا۔
طیارہ پاکستانی حدود میں داخل ہوا تو مبینہ طور پر فنی خرابی دور نہ ہوئی جس پر پائلٹ نے ایئر ٹریفک کنٹرولر کراچی سے رابطہ کر کے لینڈنگ کی اجازت طلب کی۔
اجازت ملنے پر پائلٹ نے کارگو پرواز کو ری روٹ کیا اور سکھر کے قریب سے طیارے کو کراچی کی طرف موڑ دیا۔
پرواز نے رات پونے 3 بجے کراچی کے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ہنگامی لینڈنگ کی۔
طیارہ کراچی ایئرپورٹ پر موجود ہے جس کا معائنہ کیا جا رہا ہے۔