اسلام آباد (ماریانہ بابر) افغانستان کیلئے پاکستان کے خصوصی نمائندے، سفیر آصف علی درانی اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں اور آئی پی آر آئی میں بطور سینئر ریسرچ فیلو پہلے ہی شامل ہو چکے ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ وہ کیوں چلے گئے تو درانی نے دی نیوز کو بتایا کہ یہ وزیر اعظم کا استحقاق ہے۔ ذرائع کے مطابق درانی کو ایک سال کے لیے تعینات کیا گیا تھا اور رواں سال مئی کے آخر میں وزارت خارجہ نے ان کی مختصر مدت میں توسیع کی تھی۔ اس سے قبل وہ کابل میں پاکستان مشن میں ڈپٹی چیف بھی رہ چکے ہیں۔ ابھی تک حکومت نے ان کے جانشین کا اعلان نہیں کیا ہے۔ وزیراعظم آفس کے ذرائع نے انکشاف کیا کہ سبکدوش ہونے والے سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی نے درانی کو وزیراعظم کے فیصلے سے 10 ستمبر کو آگاہ کیا، جس دن وہ سیکرٹری خارجہ کے عہدے سے سبکدوش ہوئے تھے۔ درانی 32 سال تک کیرئیر ڈپلومیٹ رہے اور اپنے پیشرو سفیر محمد صادق کے تین سال خدمات انجام دینے کے بعد اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کے بعد خصوصی نمائندے کے طور پر آئے۔