سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ خیبر پختون خوا میں گورنر راج کا سوچنا بھی نہیں چاہیے۔
لاہور کی انسدادِ دہشت گردی کی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ اگر گورنر راج لگایا تو معاملہ ہاتھ سے نکل جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پوری پارلیمنٹ جعلی ہے، 18 سیٹوں کے ساتھ وزیرِ اعظم بیٹھے ہیں، سب نے جانا ہوتا ہے، کتنا عرصہ بندہ اقتدار میں رہتا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ ہاؤس سے لوگوں کو جا کر اٹھایا گیا، پاکستان کے عوام عدلیہ کے ساتھ کھڑے ہیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ علی امین گنڈا پور کی پوری بات سنیں کہ وہ کہہ رہے ہیں کوئی حل بتائیں، 90 لوگ صرف اس مہینے میں شہید ہوئے ہیں، حکومت نے دہشت گردی کے مسئلے کو غیر سنجیدہ انداز میں لیا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ سیاسی درجۂ حرارت کم کرنا سب کی ذمے داری ہے۔