پاکستانی سفیر رضوان سعید نے امریکا میں ذمے داریاں سنبھالتے ہی کمیونٹی تنظیموں اور رہنماؤں سے ملاقاتوں کا سلسلہ شروع کر دیا۔
واشنگٹن میں پاکستانی سفارت خانے میں ہیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کے صدر سعید شیخ نے پاکستانی سفیر سے خصوصی ملاقات کی اور ان سے دونوں ممالک کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری کے فراغ کے لیے کمیونٹی تنظیموں کے ساتھ مشترکہ کوششوں پر تبادلۂ خیال کیا۔
اس موقع پر سعید شیخ نے سفیر کو مشکل گھڑی میں پاکستان سے لے کر فلسطین تک متاثرین کے لیے بیوسٹن کراچی سسٹر سٹی ایسوسی ایشن کی امدادی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔
دورانِ ملاقات پاکستانی سفیر نے کہا کہ پاکستانی امریکی کمیونٹی ناصرف پاک امریکا تعلقات کے استحکام کے لیے قابلِ تحسین کردار ادا کر رہی ہے بلکہ ملک کی ترقی و خوش حالی سمیت قدرتی آفات کے موقع پر امدادی سرگرمیوں میں بھی اول دستے کا کردار ادا کرتی رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات کا فروغ پاکستان کو درپیش معاشی اور اقتصادی چیلنجوں سے نمٹنے میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
کمیونٹی رہنما سعید شیخ نے پاکستانی سفیر کو یقین دلایا کہ پاک امریکا اقتصادی تعلقات کے فروغ کے لیے تمام تر کاوشوں کو بروئے کار لایا جائے گا۔
انہوں نے اس موقع پر سفیر کو پاکستان میں 2022ء میں آنے والے سیلاب کے موقع پر تنظیم کی مربوط امدادی سرگرمیوں اور جاری منصوبوں پر تفصیلی رپورٹ بھی پیش کی اور بتایا کہ سسٹر سٹی ہیلپنگ ہینڈ فار ریکیف سمیت 40 سے زائد تنظیموں کے اشتراک سے اب تک سیلاب اور آفات سے متاثرہ 65 ہزار متاثرین کی امداد کر چکی ہے۔