• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اے این پی کا آئینی عہدوں کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کا فیصلہ

عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے آئینی عہدوں کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کا فیصلہ کرلیا۔

پشاور میں پارٹی صدر ایمل ولی خان کی زیر صدارت اے این پی کی مرکزی مشاورتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سیاسی صورتحال سمیت مختلف امور پر تفصیلی بحث ہوئی۔

اے این پی اعلامیے کے مطابق تفصیلی مشاورت کے بعد اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، آئینی ترمیم میں خیبر پختونخوا کے نام کو پختونخوا کردیا جائے۔

اعلامیے کے مطابق اے این پی ترمیم میں آئینی عہدیداروں کی مدت ملازمت میں توسیع کی مخالفت کرے گی۔ ایسی کسی بھی آئینی ترمیم کی مخالفت کریں گے جو شخصی آزادی کے خلاف ہو۔

اے این پی اعلامیے کے مطابق آئینی ترمیم کے ذریعے سیاسی کارکنان کی فوجی عدالتوں میں ٹرائل کی تجویز مسترد کرتے ہیں۔

اعلامیے کے مطابق اے این پی آئینی ترامیم میں وفاقی آئینی عدالت کے قیام کا خیر مقدم کرتی ہے اور عدالتی اصلاحات کی حمایت کرتی ہے۔

اے این پی اعلامیے کے مطابق پارلیمان کی بالادستی کےلیے عدالتی اصلاحات وقت کی ضرورت ہے، بنیادی حقوق اور جمہوری اصولوں کے خلاف کوئی بھی ترمیم قابل قبول نہیں۔

اعلامیے کے مطابق وفاقیت اور صوبائی خودمختاری کے خلاف کسی بھی ترمیم کو مسترد کرتے ہیں،ایسی ترامیم کی بھرپور مخالفت کریں گے جو اٹھارھویں آئینی ترمیم کیلئے نقصان دہ ہوں۔

اے این پی اعلامیے کے مطابق ان آئینی ترامیم کی حمایت کریں گے جو 1973 کے آئین سے متصادم نہ ہو۔

قومی خبریں سے مزید