افغان قونصل خانہ پشاور نے پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی سے متعلق وضاحتی بیان جاری کردیا۔
ترجمان افغان قونصل خانے کے مطابق پاکستان کے قومی ترانے کی بےحرمتی اور بےتوقیری ہرگز مقصد نہیں تھا۔
ترجمان نے وضاحتی بیان میں موقف اختیار کیا کہ قومی ترانے میں میوزک تھا اس لیے قونصل جنرل کھڑے نہیں ہوئے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنے قومی ترانے پر بھی میوزک کی وجہ سے پابندی لگائی ہے۔ اگر ترانہ میوزک کے بغیر ہوتا یا بچے پیش کرتے تو قونصل جنرل لازمی کھڑے ہوتے اور سینے پر ہاتھ بھی رکھتے۔
ترجمان افغان قونصل خانے نے مزید کہا کہ پاکستان یا قومی ترانے کی توہین کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔