مشیرِ اطلاعات خیبر پختون خوا بیرسٹر محمد علی سیف نے کہا ہے کہ مجوزہ ترامیم ٹھکانے لگانے میں وکلاء پی ٹی آئی کا ساتھ دیں۔
ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا ہے کہ عدلیہ کی آزادی میں وکلاء برادری کا بنیادی کردار ہے۔
انہوں نے کہا کہ مجوزہ ترامیم کے خلاف سیاستدانوں سے زیادہ وکلاء پر ذمے داری عائد ہوتی ہے، وکلاء برادری نے ہمیشہ عدلیہ کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنایا ہے۔
بیرسٹر سیف کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو کیا اتحادیوں کو بھی مسودہ نہیں دکھایا جا رہا ہے، مجوزہ ترامیم کا مسودہ نہ دکھانے سے صاف ظاہر ہے کہ پوری دال ہی کالی ہے۔
پی ٹی آئی کے رہنما نے مزید کہا ہے کہ اپوزیشن اور اتحادیوں کے لیے ترامیم کے مختلف مسودے تیار کیے گئے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جعلی حکومت وقتی فائدے کے لیے عدلیہ کی آزادی داؤ پر لگا رہی ہے، اس نااہلی پر جعلی حکومت کو خود ہی مستعفی ہو جانا چاہیے۔