• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچے نہ ہونے پر معاشرہ آپ کو نامکمل محسوس کرواتا ہے، شبانہ اعظمی

فوٹو: فائل
فوٹو: فائل

نامور بھارتی نغمہ نگار جاوید اختر کی اہلیہ و معروف اداکارہ شبانہ اعظمی نے اپنے ذاتی تجربات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ بچے نہ ہونے کی وجہ سے خواتین کو معاشرہ نامکمل محسوس کرواتا ہے۔

ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ معاشرہ خواتین کی خود اعتمادی اور ان کی پہچان کو ان کے تعلقات یعنی بیوی، ماں یا بیٹی ہونے کے تناظر میں دیکھتا ہے، جبکہ مردوں کی کامیابی ان کے کیریئر اور کام سے ناپی جاتی ہے۔

شبانہ اعظمی نے کہا کہ ’بہت مشکل ہوتا ہے اس حقیقت کو قبول کرنا کہ آپ بچے پیدا نہیں کر سکتیں۔ معاشرہ آپ کو نامکمل محسوس کرواتا ہے اور آپ کو خود کو اس احساس سے نکالنے کےلیے بہت محنت کرنی پڑتی ہے لیکن آپ کی حقیقی پہچان آپ کے کام سے ہوتی ہے۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’خواتین عموماً اپنی خود اعتمادی کو اپنے تعلقات سے ناپتی ہیں کہ وہ ایک اچھی بیوی، ماں یا بیٹی کیسی ہیں لیکن مردوں کےلیے کامیابی کا معیار ان کا کیریئر اور کام ہوتا ہے اور میں سمجھتی ہوں کہ یہ معیار تمام جنسوں کےلیے ہونا چاہیے۔‘

یہ پہلی بار نہیں ہے کہ شبانہ اعظمی نے بچوں کے نہ ہونے پر بات کی ہو۔ 2000 میں سیمی گریوال کے ساتھ ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا تھا کہ اگر ان کے بچے ہوتے تو ان کی زندگی کی سمت مختلف ہوتی لیکن بچوں کا نہ ہونا ان کےلیے ایک موقع ثابت ہوا کہ وہ اپنے وقت کو بہتر طریقے سے استعمال کر سکیں۔

شبانہ اعظمی کی شادی 1984 سے معروف شاعر جاوید اختر کے ساتھ ہوئی تھی۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید