• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نئے فنکاروں کو شہرت میں دلچسپی، اداکاری سے سروکار نہیں: بہروز سبزواری


پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف سینئر اداکار بہروز سبزواری کا کہنا ہے کہ نئے آنے والے فنکاروں میں بیشتر صرف شہرت کے لیے آئے ہیں، انہیں اداکاری سے کوئی سروکار نہیں ہے۔

حال ہی میں سینیئر اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں بطور مہمان شرکت کی اور مختلف امور پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ انہیں آج کل کے فنکاروں میں اداکار فواد خان اور اداکارہ ماہرہ خان بہت پسند ہیں، دونوں نفیس انسان ہیں، دونوں جیسے اپنے پہلے ڈرامے ’ہمسفر‘ کے وقت تھے آج سپر اسٹار بننے کے بعد بھی ویسے ہی ہیں۔

بہروز سبزواری نے نئے ابھرتے ہوئے فنکاروں کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نئے آنے والے کچھ واقعی اداکاری کرنے کے لیے آئے ہیں اور ان کے کام سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اداکاری کرنا چاہتے ہیں، انہیں شہرت و کامیابی بھی مل رہی ہے جبکہ کچھ تو صرف شہرت حاصل کرنے آئے ہیں انہیں دیکھ کر معلوم ہو جاتا ہے کہ ان کا مقصد کیا ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ کوئی رونے کا سین ہے اس میں بلو ڈرائی کا کیا کام ہے، سین کی ضرورت نہیں ہے پھر بھی بلو ڈرائی کر کے آئے ہیں تاکہ اچھے دکھائی دیں، ایسے فنکار صرف شہرت کے لیے آئے ہیں۔

بہروز سبزواری نے گفتگو کے دوران اپنی فلم نیلوفر کے لیے دعاؤں کی درخواست کی، جو 2019ء سے التواء کا شکار ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید