وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لوگوں کی راستے بلاک کرنے کی ویڈیو شیئر کر دی۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ تحریک فساد کے غنڈوں نے ابھی سے سڑکیں بند کرکے جلاؤ گھیراؤ شروع کر دیا، اب ان پر ایکشن ہوگا تو یہ رونا شروع کر دیں گے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ یہ مین بلیوارڈ گلبرگ پر دندنا رہے ہیں، ان کے نام نہاد لیڈروں کے پرامن رہنے کے بھاشن سنیں، یہ ان کا اصل چہرہ ہے۔
دوسری جانب لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو کل ایس او پیز کے ساتھ لاہور میں جلسے کی اجازت دے دی، تاہم جلسے کے ضوابط میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کو 8 ستمبر کے جلسے میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی۔
لاہور انتظامیہ نے تحریک انصاف کو کل قواعد و ضوابط کے ساتھ جلسے کی اجازت دے دی، نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کو سہ پہر 3 بجے سے شام 6 بجے تک جلسہ کرنے کی اجازت ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کے پی کو 8 ستمبر کے جلسہ میں سخت زبان استعمال کرنے پر معافی مانگنا ہوگی، جلسہ کی سیکیورٹی آرگنائزرز کے ذمہ ہوگی۔