• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹرمپ پر حملے کے بعد ایلون مسک پوسٹ سے متعلق امریکی سیکرٹ سروس کا بیان آگیا


اسپیس ایکس کے بانی ایلون مسک کی ڈونلڈ ٹرمپ پر حملے کے بعد امریکی صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس پر قاتلانہ حملہ نہ ہونے کی سوشل میڈیا پوسٹ سے امریکی سیکرٹ سروس بیان سامنے آگیا۔

امریکی سیکرٹ سروس کے بیان میں کہا گیا ہے کہ وہ ایلون مسک کی پوسٹ سے آگا ہ ہیں، حفاظتی انٹیلی جنس سے متعلق معاملات پر تبصرہ نہیں کرتے، تاہم سیکرٹ سروس تمام خطرات کی تحقیقات کرتی ہے۔

واضح رہے کہ ایلون مسک نے ڈونلڈ ٹرمپ پر حملےکے بعد اپنی پوسٹ میں لکھا تھا کہ سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر حالیہ مہینوں میں 2 قاتلانہ حملے ہوئے، لیکن صدر جو بائیڈن اور نائب صدر کملا ہیرس کو ایسے حملے کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

ایلون مسک نے بعد میں اپنی پوسٹ ڈیلیٹ کردی تھی اور اسے مذاق قرار دیا تھا۔

یاد رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کی گالف کلب سے واپسی کے وقت ان پر فائرنگ کی کوشش کی گئی تھی، واقعے کو ایف بی آئی نے ٹرمپ کے قتل کی کوشش قرار دیا۔

اس سے قبل 2 ماہ پہلے 13 جولائی کو بھی ریاست پنسلوانیا کی ریلی میں ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا۔

دوسری جانب خود پر ہونے والے دوسرے قاتلانہ حملے کے حوالے سے ریپبلیکن صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ میں محفوظ اور ٹھیک ہوں، کبھی ہار نہیں مانوں گا۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید