منطقہ البروج میں چھٹا ستارہ برجِ ’سنبلہ‘ ہے جس کا نشان دوشیزہ اور عنصر مٹی ہے۔
اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کی خواہش ہوتی ہے کہ انہیں اقتدار حاصل ہو جائے اور آپ جی بھر کر محبت کریں۔
ان خواہشات کا اظہار اس طرح ہوتا ہے کہ آپ کسی اہم مرتبہ پر فائز ہو جائیں، کسی کارپوریشن کے صدر ہو جائیں یا اپنا کاروبار شروع کر دیں، اگر زیادہ کچھ نہیں ہو سکتا تو کم از کم موجودہ ملازمت میں کوئی اہم عہدہ مل جائے، اس طرح آپ کو دوسروں پر کسی نہ کسی طرح کا اقتدار حاصل ہو جاتا ہے اور آپ کی ایک خواہش کی تسکین ہو جاتی ہے۔
اس برج سے تعلق رکھنے والے افراد کو اکثر غلط سمجھا جاتا ہے، یہ باعمل لوگ ہوتے ہیں، جو بہت محتاط ہو کر کام کرتے ہیں۔
ان کے مزاج میں سنجیدگی پائی جاتی ہے اور وہ اپنی اعلیٰ ذہنی صلاحیتوں سے کام لیتے ہیں۔
اگر بات کی جائے کہ برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مرد کیسے ہوتے ہیں تو اس حوالے سے تفصیل سے یہاں جانیے۔
برجِ سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مرد بہت ذہین، چاک و چوبند، تیز اور گہرا مشاہدہ کرنے والے ہوتے ہیں۔
یہ کاروباری معاملے میں اچھے ہوتے ہیں، انہیں بامشکل ہی کاروبار میں دھوکا دینا ممکن ہوتا ہے، یہ ہر چیز کو اپنے نقطۂ نظر سے دیکھنے کے عادی ہوتے ہیں۔
ایسے مرد قوانین کی سختی سے پابندی کرتے ہیں، اپنی زندگی کے ساتھ ساتھ اپنے روز مرہ کے معمولات میں نظم و ضبط قائم رکھنے کے عادی ہوتے ہیں، فطرتاً خاموش طبع، تنہائی پسند، آزادانہ میل جول سے اجتناب برتنے والے افراد ہوتے ہیں۔
برجِ سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مرد ہر پہلو پر غور و فکر کرتے ہیں لیکن دوستوں کے معاملے میں بڑی سے بڑی قربانی دینے سے گریز نہیں کرتے، ایسے مرد اپنے آپ کو باآسانی ہر سانچے میں ڈھال لیتے ہیں۔
شریکِ حیات کے ساتھ ہر ممکن کوشش نبھاتے ہیں، خلوص، وفاداری، حسنِ اخلاق، دور اندیشی اور مصلحت پسندی ان کی خاصیت ہے۔
یہ مرد اپنی عمر سے کہیں زیادہ جوان اور خوبصورت دکھائی دیتے ہیں، حسین و جمیل اور پُرکشش شخصیت کے مالک ہوتے ہیں، انہیں قدرتی مناظر سے خاص دلچسپی ہوتی ہے۔
برج سنبلہ سے تعلق رکھنے والے مرد دل کے صاف اور کھرے ہوتے ہیں۔
سنبلہ مرد کی شخصیت دوسروں کو بہلانے پھسلانے میں مہارت رکھتی ہے، ایسے لوگ مذاق مذاق میں دوسروں کی دل شکنی کرنے کا گُر جانتے ہیں۔
لوگوں کے لیے انہوں نے اپنا معیار بلند رکھا ہوتا ہے جبکہ خود تعریف پسند ہوتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ ہر دوسرا شخص ان کی تعریف کرے، اس سے انہیں خوشی محسوس ہوتی ہے۔
ایسے افراد جذبات کی بجائے ذہن سے کام لیتے ہیں، ان کی شخصیت جلد ٹوٹ پھوٹ اور چڑچڑے پن کی شکار ہو جاتی ہے۔
ایسے افراد جذبات کی بجائے ذہن سے کام لیتے ہیں اس لیے ان میں ہمدردی کا جذبہ بھی کم ہوتا ہے اور اسی لیے لوگوں کو جلد دشمن بنا لیتے ہیں۔
سنبلہ مرد تنقیدی نگاہ کے حامل ہوتے ہیں اس لیے اکثر ان کی تنقید ان کے اپنوں کو بُری لگتی ہے اور سخت تنقید کے سبب دوست جلد دشمن بن جاتے ہیں، بعض اوقات ان کی ضرورت سے زیادہ تنقید دوسروں کے لیے ان کے حسد اور بغض کو ظاہر کرتی ہے۔
اگر یہ کبھی معمولی بیمار بھی ہو جائیں تو بہت جلد پریشان ہو جاتے ہیں۔