23 اگست سے 22 ستمبر تک پیدا ہونے والے افراد کا تعلق برجِ سنبلہ سے ہوتا ہے، یہ ان برجوں میں سے ہے جن کو سب سے زیادہ غلط سمجھا جاتا ہے۔
سنبلہ افراد میں خود کو نئے سانچے میں ڈھالنے کی صلاحیت ہوتی ہے، یہ باعمل لوگ ہوتے ہیں اور بڑے محتاط ہو کر کام کرتے ہیں۔
ان کے مزاج میں سنجیدگی پائی جاتی ہے اور وہ اپنی اعلیٰ ذہنی صلاحیتوں سے کام لیتے ہیں، اخلاص، وفاداری، حسنِ اخلاق اور مصلحت اندیشی سنبلہ افراد کی نمایاں خصوصیات ہیں اور وہ ہر لحاظ سے قابلِ اعتماد ہوتے ہیں۔
برجِ سنبلہ عقل و دانش کی بِنا پر اچھے برے کو پرکھنے کے اصول کی نمائندگی کرتا ہے، چنانچہ ایک سنبلہ فرد محض عادت اور جبلت کی وجہ سے کسی چیز کو رد نہیں کرتا بلکہ وہ عقل کی کسوٹی پر پرکھنے کے بعد چیز کو رد بھی کرتا ہے اور قبول بھی کرتا ہے۔
منطقہ البروج میں اس کا نمبر: 6
حاکم سیاہ: عطارو
عنصر : خاکی
خوش بختی کا عدد: 5
خوش بختی کے نگینے: پکھراج، ہیرا، نیلم، موتی، زمرد
خوش بختی کے رنگ: سبز، بنفشی، سیاہ، دھانی، نیلا
خوش بختی کا دن: بدھ
ایک سنبلہ فرد کی حیثیت سے آپ کی زندگی کے مقاصد بلند ہیں لیکن سنبلہ افراد کی کمزوری یہ ہے کہ وہ خود کو حدود کے اندر بند کر لیتے ہیں، اس کی وجہ یہ ہے کہ آپ کے اندر تجزیہ کرنے کی جو خواہش ہے، وہ آپ کے لاشعور میں پائی جاتی ہے اور آپ اپنا اور اپنی صلاحیتوں کا اسی حقیقت پسندانہ انداز سے تجزیہ کرتے ہیں، جس طرح آپ دوسروں کے معاملات اور مسائل کا تجزیہ کرتے ہیں۔
اس کی وجہ سے بعض اوقات آپ یہ محسوس کرنے لگتے ہیں کہ آپ بڑے بڑے کام کرنے کے اہل نہیں، گویا آپ خود اپنے بارے میں غلط تصور رکھتے ہیں، آپ کو اس احساس کمتری میں مبتلا نہیں ہونا چاہیے۔
آپ اپنی لاشعوری جبلتوں کو پہچان سکتے ہیں، ان جبلتوں کی پرورش کی جا سکتی ہے اور ان کو مثبت اور تعمیری راستوں پر ڈالا جا سکتا ہے، یہ کام شعوری قوت ارادی کے ذریعے کیا جا سکتا ہے، یہ لاشعوری جبلتیں ہمیشہ کام کرتی رہتی ہیں، خواہ آپ جاگ رہے ہوں یا سو رہے ہوں۔
یہی جبلتیں آپ کے خوابوں کے پسِ منظر میں کام کرتی ہیں لیکن سنبلہ افراد کے بیشتر خواب ان کی تحت الشعور خواہشات کا نتیجہ ہوتے ہیں۔
سنبلہ افراد کی خواہش ہے کہ اپنی زندگی کو زیادہ سے زیادہ مکمل اور بے عیب بنائیں اور یہ کہ دوسروں کی مدد کریں، سنبلہ فرد کو ایسا شخص سمجھا جاتا ہے جو ہر چیز کو مثالی انداز میں کرنا چاہتا ہے، چنانچہ برج سنبلہ کو ’خدمات‘ والا برج کہا جاتا ہے، خدمت کرنے کی یہ خواہش تعمیری انداز میں بھی اپنا اظہار کر سکتی ہے اور منفی انداز میں بھی۔
سنبلہ افراد میں اس خواہش کا منفی اظہار اس طرح ہو سکتا ہے کہ وہ دوسروں کے اندر خامیاں یا کمزوریاں نکالنے لگیں اور اپنے عزیز و اقارب، دوستوں اور پڑوسیوں کو زیادہ صاف ستھرا، بہتر اور باضابطہ رہنے کے لیے طنز کرنے لگیں، ان کے صاف ستھرا رہنے اور آپ کی سلیقہ مندی کے جذبے کا اظہار اس طرح بھی ہو سکتا ہے کہ اگر کوئی شخص آپ کا کوئی کام بے ڈھنگے طریقے سے کرنے لگے تو آپ اس کو سمجھانے کی بجائے اس پر غصہ ہونے لگیں۔
اگرچہ آپ کا یہ طرزِ عمل لوگوں کی اصلاح کے لیے ہو گا لیکن یہ طریقہ اپنی جبلت کے منفی اظہار کا ہے لیکن اگر سنبلہ افراد اپنی اسی تحت الشعور خواہش کا اظہار مثبت انداز میں کریں تو وہ بنی نوع انسان کی بہتر خدمت کر سکتے ہیں۔
ایک سنبلہ فرد اپنی وضع قطع اور حلیے کا بہت خیال رکھتا ہے، وہ خود کو ہر وقت بنائے سنوارے رکھتا ہے، جو سنبلہ افراد غریب ہوتے ہیں وہ بھی اپنی حیثیت کے مطابق صاف ستھرے رہتے ہیں۔
اگرچہ غریب سنبلہ افراد قیمتی کپڑے نہیں پہن سکتے اور دھوبی کے اخراجات بھی نہیں اٹھا سکتے، تو بھی وہ گندے نظر نہیں آئیں گے، وہ اپنے کپڑے روزانہ خود دھوئیں گے اور پھر انہیں پہنیں گے، اگر وہ جھونپڑیوں میں بھی رہتے ہوں تو اس کو بھی اپنی بساط کی حد تک صاف ستھرا رکھیں گے۔
سنبلہ افراد ان لوگوں سے ملنا جلنا بھی پسند نہیں کرتے جو گندے رہتے ہیں، سنبلہ افراد کو صفائی کا خبط جنون کی حد تک ہوتا ہے اور اس سلسلے میں وہ بعض اوقات ایسی حرکتیں کرتے ہیں کہ لوگ ان کو وہمی کہنے لگتے ہیں۔