لبنان میں حزب اللّٰہ کے ارکان کے زیرِ استعمال متعدد پیجرز میں ہونے والے دھماکوں کی تحقیقات میں بھارتی شخص کا نام سامنے آنے کا انکشاف ہوا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق رنسن جوز نامی بھارتی نژاد ناروے کے شہری کا نام سامنے آیا ہے۔
بلغارین میڈیا کے مطابق 37 سالہ رنسن جوز بلغاریہ کی اسی کمپنی کا مالک ہے جس نے حزب اللّٰہ کو پیجرز سپلائی کیے، جس کے نتیجے میں لبنان میں 12 افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہوئے تھے۔
خیال رہے کہ ابتدائی تحقیقاتی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد نے تائیوان کی کمپنی میں تیار ہونے والے پیجر ڈیوائسز میں چھڑ چھاڑ کی اور اس میں 3 گرام دھماکا خیز مواد چھپایا تھا۔
بعد ازاں کمپنی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ دھماکے میں استعمال ہونے والا پیجر ماڈل، AR-924 دراصل ہنگری کی ایک کمپنی نے تیار کیا اور فروخت کیا تھا اور انہیں اس کا ٹریڈ مارک استعمال کرنے کی اجازت دی تھی۔
اب بلغارین ریاستی سیکیورٹی ایجنسی کا کہنا ہے کہ وہ اس واقعے میں بلغارین کمپنی کے کردار کی تحقیقات کر رہے ہیں، جس کے مالک رنسن جوس کا تعلق بھارتی شہر کیرالہ سے ہے۔
اس سے قبل بلغارین ریاستی سیکیورٹی ایجنسی نے لبنان میں ہونے والے دھماکوں سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ دھماکوں میں استعمال ہونے والے پیجرز بلغاریہ میں درآمد، برآمد یا تیار نہیں کیے گئے تھے۔