وزیراعظم شہباز شریف اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے آج نیویارک پہنچیں گے۔
وزیراعظم کے پانچ روزہ دورہ امریکا میں وفاقی وزرا خواجہ آصف، عطا تارڑ، خالد مقبول صدیقی اور معاونِ خصوصی طارق فاطمی بھی ان کے ساتھ ہوں گے۔
وزیراعظم اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے۔ وہ پائیدار ترقی کے اہداف سے متعلق ایس ڈی جی موومنٹ 2024 کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔
وزیراعظم سلامتی کونسل کی لیڈرشپ فار پیس کے عنوان سے ہائی لیول اوپن ڈیبیٹ میں گفتگو کریں گے، بڑھتی ہوئی سطح سمندر سے ممکنہ خطرات پر اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت اور گفتگو بھی کریں گے۔
وزیراعظم نیویارک میں امریکا پاکستان بزنس کونسل اور پاکستانی بینکرز سے ملاقات کریں گے، جبکہ بزنس کونسل، بینکرز کو حکومت کی کاروبار و سرمایہ کار دوست پالیسیوں سے آگاہ کریں گے۔
وزیراعظم یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور جنرل اسمبلی کے صدر فیلیمون یانگ سے ملاقات کریں گے۔
وزیراعظم یورپین کمیشن کی صدر ارسلا وون ڈرلیئن، گیٹس فاؤنڈیشن کے بانی بِل گیٹس، عالمی بینک کے صدر اور عالمی مالیاتی فنڈ کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا سے بھی ملاقات کریں گے۔
وزیرِاعظم فلسطین کے صدر محمود عباس سے خصوصی ملاقات کریں گے اور فلسطین میں جاری صہیونی ظلم و جبر روکنے کیلئے عالمی برادری کے اقدامات تیز کرنے پر مشاورت ہوگی۔
وزیراعظم برونائی دارالسلام کے سلطان حسن البلقیہ کے ظہرانے میں شرکت کریں گے۔ جبکہ بنگلہ دیش کے چیف ایڈوائزر ڈاکٹر محمد یونس کے عشائیے میں شرکت کریں گے۔ وزیراعظم دوست ممالک کے سربراہان سے ملاقاتیں کریں گے۔