اسلام آباد( طاہر خلیل) آزاد کشمیر انتخابات میں سکیورٹی کی نگرانی فوج کے سپرد کردی گئی ہے اور وزارتِ داخلہ نے آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے آزاد کشمیر کے الیکشن میں سکیورٹی اور امنِ عامہ کی نگرانی کے لئے فوج کو آرٹیکل 245کے تحت اختیارات دینے کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔آزادکشمیر الیکشن کے لئے فوج کی خدمات کی ریکوزیشن آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر نے وزارتِ داخلہ کو کی تھی۔ اس کے ساتھ ساتھ حکومتِ آزاد کشمیر، حکومتِ پنجاب، حکومتِ بلوچستان اور گلگت بلتستان کی حکومت نے بھی اپنے اپنے علاقوں میں اس درخواست کی توثیق کی تھی ۔ حکومتِ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکومت نے الیکشن میں فوج کی تعیناتی سے انکار کیا تھا۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہناہے کہ یہ ممکن نہیں کہ آزاد کشمیر کے الیکشن کی خاطر کچھ علاقوں میں فوج تعینات کی جائے اور کچھ میں نہیں۔ انہوںنے کہا کہ پورے پاکستان اور آزاد کشمیر میں ایک ہی پالیسی پر عمل درآمد اس لئے بھی ضروری ہے کہ سندھ اور خیبر پختونخواہ کی حکمران جماعتیں خود آزاد کشمیر الیکشن میں حصہ لے رہی ہیں۔وزیرداخلہ نے کہا کہ یہ پیغام صرف آزاد کشمیر کے لئے ہی نہیں پاکستان کے لئے بھی انتہائی اہم ہے کہ کشمیر کے الیکشن شفاف اور غیر متنازعہ ہوں۔