لاہور(این این آئی )پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ تحریک احتساب چلنے والی ہے ،بڑی گردنیں بڑے پھندوں میں نظر آئیں گی کرپٹ حکومت کی رخصتی پر عوام کے ساتھ ساتھ شریف حکومت کے ’’ شریف النفس‘‘ اراکین بھی مٹھائیاں بانٹیں گے،ترکی میں عالمی سازش کے امکان کو رد نہیں کیا جا سکتا ۔ترک عوام اور حکومت ملکی استحکام قائم رکھنے پر مبارکباد کے مستحق ہیں، شریفوں کی کرپشن کا دنیا میں کہیں موازنہ نہیں،شریف برادران کو آزادی کشمیر اور پاکستان کی سلامتی و بقا کے امور سے کوئی دلچسپی نہیں،’’بادشاہ سلامت ‘‘چاہتے ہیں بس ان کے اثاثے ،اکائونٹس اور کاروبار سلامت رہیں،سانحہ ماڈل ٹائون کے شہدا ءکا خون انکے گلے پڑے گا ۔14 بے گناہوں کے قتل عام پر آج تک کسی ایک بڑے افسر کو نہیں پکڑا گیا ،حکمرانوں کو علم ہے کہ وہ جس بڑے کو بھی ہاتھ لگائیں گے وہ وعدہ معاف گواہ بن جائیگا۔کلین چٹیں دینے اور لینے والے حساب کتاب کیلئے تیار رہیں،سرکاری محکموں کی چٹیں انکے کسی کام نہیں آئینگی ۔وہ گذشتہ روز برمنگھم میں پارٹی رہنمائوں سے گفتگو کر رہے تھے ۔سربراہ عوامی تحریک نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ عمران خان سے کوئی ملاقات طے تھی اور نہ کوئی رابطہ ہے ۔31 جولائی کو پاکستان میں تمام اپوزیشن قائدین کے ساتھ سانحہ ماڈل ٹائون ، حکمرانوں کے احتساب اور آئندہ کے متفقہ لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیل سے قومی امور پر مشاورت ہو گی ، انہوں نے کہاکہ 19 جولائی کو ٹی او آرز کمیٹی کے اجلاس میں عوامی تحریک کا 3رکنی وفد شریک ہو گا ۔ انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے انکشافات کے بعد نواز حکومت کی اخلاقی اتھارٹی ختم ہو گئی ۔ہم جنہیں پاکستان کا وکیل نہیں مانتے وہ کشمیر کے وکیل کیسے ہو سکتے ہیں؟انہوں نے کہاکہ کشمیر کازکے نام پر قومی خزانے سے جو بھاری رقوم نکلوائی گئیں ،انکا حساب دیا جائے۔