• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب: پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواست قابلِ سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ


لاہور ہائی کورٹ نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس 2024ء کے خلاف درخواست قابلِ سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ عالیہ نیلم نے شہری منیر احمد کی درخواست پر سماعت کی۔

لاہور ہائی کورٹ کی چیف جسٹس نے درخواست گزار کے وکیل سے استفسار کیا کہ آپ حقائق بتائیں کیوں غیر قانونی ہے؟ 

 وکیل نے کہا کہ ایمرجنسی کی صورتِ حال نہیں تھی جس کے باعث یہ آرڈیننس جاری کیا گیا، اسمبلی موجود تھی اس کے باوجود آرڈیننس لایا گیا، آرڈیننس آنے کے بعد نئی کمیٹی تشکیل دی گئی، پہلے بھی پریکٹس اینڈ پروسیجر ایکٹ لایا گیا، پہلے تمام اختیارات چیف جسٹس کے پاس ہوتے تھے، پارلیمنٹ کے پاس آئینی ترمیم کرنے کا اختیار ہے، یہ مفادِ عامہ کا کیس ہے، اس درخواست کو منظور کیا جائے، پاکستان بار کونسل اور راولپنڈی بار نے اس آرڈیننس کو مسترد کیا ہے۔

وفاقی حکومت کے وکیل نے درخواست کے دائرہ اختیار پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ یہ درخواست سپریم کورٹ میں دائر ہو سکتی ہے، اس درخواست پر سماعت کرنے کا لاہور ہائی کورٹ کا دائرہ اختیار نہیں بنتا، سپریم کورٹ میں درخواست دائر ہو سکتی ہے، یہ آرڈیننس سپریم کورٹ میں چیلنج ہو چکا ہے۔

جس کے بعد  عدالت نے پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کے خلاف درخواست قابل سماعت ہونے سے متعلق فیصلہ محفوظ کر لیا۔

قومی خبریں سے مزید