سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کا بیانیہ چھوڑ دیا ہے۔
مری پریس کلب میں میڈیا سے گفتگو میں شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ ملک اس وقت سیاسی عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک کو آئین کے مطابق چلانے کے سوا کوئی آپشن نہیں، ملک میں آئینی ترمیم ہو رہی ہے اور پارلیمنٹ بےخبر ہے۔
سابق وزیراعظم نے مزید کہا کہ رات کی تاریکی میں آئین پر ڈاکا ڈالنے کی کوشش کی گئی، آئینی ترمیم سے وزیراعظم شہباز شریف تک سب بےخبر ہیں۔
اُن کا کہنا تھا کہ عوام کے مینڈیٹ کو بھی چوری کیا گیا، موجودہ حکومت عوامی حمایت حاصل کرنے میں مکمل ناکام ہے۔
شاہد خاقان عباسی نے یہ بھی کہا کہ پاکستان میں ہر الیکشن چوری ہوا لیکن کسی نے سبق نہیں سیکھا، نواز شریف نے ووٹ کو عزت دو کے بیانیے کو چھوڑ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کرپشن ختم کرنے آئے تھے اور آج کرپشن 10 گنا بڑھ چکی ہے۔