فلسطین کی مزاحمتی تنظیم حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کی بہو ایناس ہنیہ نے ان کی شہید پوتیوں کی یادگار تصاویر اور ویڈیوز شیئر کردیں، جن میں ’ننھی پریاں‘ انہتائی خوبصورت نظر آرہی ہیں۔
فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصاویر اور ویڈیو میں اسماعیل ہنیہ کے خاندان کے شہید افراد اور بچوں کی زندگی کے خوبصورت لمحات نظر آرہے ہیں جس میں معصوم بچیاں مختلف مقامات پر ہنستے کھیلتے دکھائی دے رہی ہیں۔
11 اپریل 2024 کو عید کے دن حماس کے سیاسی رہنما اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے اور 4 پوتے پوتیاں اسرائیلی حملے میں شہید ہوگئے تھے۔
اسماعیل ہنیہ کے بیٹے عید کے پہلے دن خاندان سے ملنے جا رہے تھے کہ اس دوران اسرائیلی فوج کی جانب سے کیے گئے فضائی حملے میں ان کے 3 بیٹے، حاضم، عامر اور محمد، جبکہ پوتے اور پوتیاں بھی، جن میں مونا، امل، خالد اور رضان شامل تھے، شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے تھے۔
شہید اسماعیل ہنیہ کی بہو ایناس ہنیہ نے شہادت کے مرتبے پر فائز ہونے والے خاندان کے افراد کی یادگار تصاویر شیئر کرتے ہوئے ان کیلئے دعائیہ کلمات بھی تحریر کیے ہیں۔
ایناس ہنیہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ ’میرے پیارے، اللّٰہ آپ پر رحم فرمائے اور آپ کےلیے آسانیاں پیدا کرے۔‘
انہوں نے لکھا کہ ’میری بیٹیاں بہت پیاری ہیں، واللّٰہ یہ دل کو خوش کر دیتی ہیں۔‘
شہید اسماعیل ہنیہ کی بہو نے اسرائیلی مظالم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’وہ حُسن کو قتل کرتے ہیں اور زندگی اور توانائی کو مٹا دیتے ہیں۔ اللّٰہ کی لعنت ہو ظالموں پر اور ان کے مددگاروں پر۔‘