وزیرِاعظم شہباز شریف نے 7 ارب ڈالر کے آئی ایم ایف پیکیج کی منظوری پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ کے فضل و کرم سے معاشی اصلاحات کا نفاذ تیزی سے جاری ہے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ معاشی استحکام کے بعد معاشی ترقی کے اہداف کے حصول کےلیے یونہی محنت جاری رکھیں گے۔ پاکستان میں کاروباری سرگرمیوں اور سرمایہ کاری میں اضافہ خوش آئند ہے اور معاشی ٹیم کی محنت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر میں اضافہ حکومتی پالیسیوں پر انکے اعتماد کی عکاس ہے۔ پاکستانی برادی کے شکر گزار ہیں۔
وزیرِ اعظم نے کہا کہ یونہی محنت جاری رہی تو انشاءاللّٰہ یہ پاکستان کا آخری آئی ایم ایف پروگرام ہوگا۔
وزیرِ اعظم نے آئی ایم ایف پیکیج پر معاونت کرنے والے دوست ممالک بالخصوص سعودی عرب، چین اور متحدہ عرب امارات کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جارجیوا اور انکی پوری ٹیم کا بھی شکریہ ادا کیا۔
وزیراعظم نے پوری حکومتی معاشی ٹیم، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر، وزیرِ مملکت برائے خزانہ علی پرویز ملک، پاکستان کے چین میں سفیر خلیل ہاشمی، پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زائیڈونگ، سیکریٹری خزانہ کی اس حوالے سے کوششوں اور محنت پر شکریہ کیا۔
وزیرِ اعظم نے تمام صوبائی حکومتوں بالخصوص وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز، وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور وزیرِ اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی سے بھی اظہار تشکر کیا۔
انہوں نے پاکستان میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات کےسفراء کا بھی شکریہ ادا کیا۔