فلسطینی صدر محمود عباس نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں کہا کہ امریکا کی دی ہوئی جرات سے ہی اسرائیل نے غزہ جنگ جاری رکھی ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں محمود عباس نے کہا کہ امریکی حمایت جاری رہے گی تو اسرائیلی حملے بھی جاری رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ دنیا کے سب سے بڑے جمہوری ملک امریکا کا سلامتی کونسل میں تین بار غزہ جنگ بندی قرارداد کو روکنا بے حد افسوسناک ہے۔
فلسطینی صدر کا کہنا تھا کہ نیتن یاہو کی پشت پناہی میں آبادکاروں کے دہشت گرد گینگ فلسطینی زمینیوں پر قبضہ کر رہے ہیں، ہم کسی صورت فلسطینی سرزمین کو نہیں چھوڑیں گے۔
ان کامزید کہنا تھا کہ اسرائیلی جارحیت کے خلاف عالمی برادری اسرائیل پر پابندیاں لگائے گی۔
واضح رہے کہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے فلسطین کے صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کی۔
محمود عباس نے کہا کہ پاکستان روزِ اول سے فلسطین کے ساتھ ہے اور قیام پاکستان سے لے کر آج تک فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ فلسطینی عوام کی ہر ممکن مدد کی، عالمی فورمز پر بھی ہمیشہ فلسطین کے ساتھ کھڑا رہا۔ پاکستان فلسطین کے موقف کی پُرزور تائید کرتا ہے۔