گوجرانوالہ میں دوسری شادی پر شوہر کے گھر کو آگ لگانے والی خاتون کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس حکام کے مطابق شہری کے بھائی کی مدعیت میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں سابقہ اہلیہ، اُس کی بہن اور بہنوئی کو نامزد کیا گیا ہے۔
گزشتہ رات ملزمہ نے دوسری شادی کرنے پر سابقہ شوہر کے گھر کو آگ لگادی تھی۔ واقعے میں دلہن کے کمرے سمیت گھر میں رکھا سارا سامان جل کر خاکستر ہوگیا تھا۔
یاد رہے کہ واقعہ گوجرانوالہ کے تھانے ماڈل ٹاؤن کے علاقے محلہ اسلام آباد میں پیش آیا، اس دوران دولہا اپنے گھر والوں کے ہمراہ ولیمے کی تقریب میں شریک تھا۔
شوہر کے گھر کو آگ لگانے والی خاتون کی شادی 10 سال قبل ہوئی جبکہ طلاق 3 سال قبل ہوئی تھی ۔
سابقہ اہلیہ اور دولہے کے والدین کا گھر ملحقہ تھا، خاتون نے اپنے بہنوئی اور بہن کے ساتھ مل کر چھت کے راستے میں گھر میں داخل ہوکر آگ لگائی۔