اسرائیلی فضائی حملے میں ایک فلسطینی صحافی وفا العودینی اور ان کے خاندان کے افراد شہید ہو گئے ہیں۔ مقامی حکام کے مطابق یہ حملہ غزہ کے وسطی علاقے میں ان کے گھر پر کیا گیا تھا۔
وفا العودینی بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے ساتھ کام کرنے والی ایک معروف انگریزی بولنے والی رپورٹر تھیں، وہ اپنے شوہر معیر العودینی اور دو بچوں کے ساتھ اس حملے میں جان کی بازی ہار گئیں۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق وفا کو ان کے ساتھی صحافیوں نے خراج تحسین پیش کیا اور ان کی لگن اور فلسطینی عوام کی مشکلات کو دنیا کے سامنے لانے کے لیے ان کے کام کی تعریف کی۔
فلسطینی صحافی احمد ابو ارتیمہ نے "مڈل ایسٹ آئی" کو بتایا کہ وفا العودینی کو یورپی ذرائع ابلاغ میں خاص شہرت حاصل تھی، اور وہ فلسطینیوں کی مشکلات کو انگریزی زبان میں بہترین انداز میں پیش کرتی تھیں۔
غزہ میں قائم میڈیا دفتر نے کہا کہ وفا العودینی اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والی 7 اکتوبر سے اب تک کی 174ویں صحافی ہیں۔
اس واقعے میں دیگر متاثرین کے ساتھ وفا العودینی کا قتل صحافیوں اور بین الاقوامی برادری میں شدید غم و غصے کا باعث بنا ہے۔