اسلام آباد (نمائندہ جنگ )سابق وزیر داخلہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سینٹر رحمان ملک نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو روکنے اور بھارتی حکومت کے خلاف کارروائی کیلئے اقوام متحدہ کو خط لکھا ہے ، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے نام اپنے خط میں سینٹر رحمان ملک نے کہاکہ بھارتی فورسز نے 8 جولائی کو بربریت کا مظاہر ہ کرتے ہوئے 45نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کو شہید اور 300سے زائد افرادکو شدید زخمی کر دیا ، یہ ظلم جاری ہے لیکن اس ظلم پر عالمی برادری کی خاموشی مایوس کن ہے ، دنیانے بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی کو نظر انداز کر دیا ، انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کی خاموشی پر اظہار ناراضی کرتے ہوئے رحمان ملک نے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کی توجہ اس جانب مبذول کرائی کہ اقوام متحدہ کےہائی کمیشن برائے انسانی حقوق کو مقبوضہ کشمیر کا دورہ کرکے وہاں ہونیوالی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرنی چاہئے، انہوں نے لکھا کہ کشمیری اپنے حق خودارادیت کیلئے پرامن جہدوجہد کر رہے ہیں، اس حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردیں موجود ہیں ،انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ اقوام متحدہ کےہائی کمشنر بے گناہ کشمیریوں کے قتل عام کی تحقیقات کیلئے کمیشن تشکیل دیں گے اور اس معاملے کو جنرل اسمبلی میں اٹھائیں گے۔