• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بچوں کو والدین کی دوسری شادی پر رنجش نہیں پالنی چاہیے: جویریہ عباسی


حال ہی میں دوبارہ شادی کرنے والی پاکستانی سینیئر اداکارہ جویریہ عباسی کا کہنا ہے کہ جب مذہب اور آئین نے کسی شخص کو دوسری شادی کی اجازت دی ہے تو بچوں کو والدین کی دوسری شادی پر رنجش نہیں پالنی چاہیے۔

حال ہی میں اداکارہ نے اپنے دوسرے شوہر کاروباری شخص عدیل حیدر کے ہمراہ پہلی بار انٹرویو دیا۔

انہوں نے دورانِ انٹرویو بیٹی کی شادی کے بعد بڑی عمر میں دوسری شادی کرنے پر ہونے والی تنقید پر ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ہم اکثر دیکھتے ہیں کہ اگر والدین میں سے کسی ایک کا انتقال ہو جائے اور زندہ رہنے والا شریکِ حیات پھر شادی کرنا چاہے تو بچے سب سی بڑی رُکاوٹ بنتے ہیں، کہتے ہیں کہ ایسا ہو ہی نہیں سکتا۔

اداکارہ نے کہا کہ ایسا نہیں ہوتا کہ بچے خود کہیں کہ چلو ماں یا باپ تنہا رہ گئے ہیں تو ان کی شادی کرا دیں اور اگر والدین خود دوسری شادی کر لیں تو بچے انہیں سمجھنے کی بجائے ساری زندگی دل میں رنجش رکھتے ہیں کہ شادی کیوں کی، کیسے کی، یہ انتہائی غلط بات ہے۔

انہوں نے کہا کہ بچوں کو سمجھنا چاہیے کہ ان کے والدین انسان ہیں، ان کی اپنی ضرورتیں ہیں، انہیں بھی ذہنی طور پر سکون کی ضرورت ہے، انہیں اپنی زندگی میں آگے بڑھنے دینا چاہیے، بچے تو شادی کر کے اپنے گھروں کے ہو جاتے ہیں، پیچھے ماں اکیلی رہ جاتی ہے، کیونکہ ان کے شوہر کا کسی زمانے میں انتقال ہو چکا ہوتا ہے، جو کہ بہت دکھ کی بات ہے۔

جویریہ عباسی نے کہا کہ جب قرآن اور آئین نے آپ کو اس کی اجازت دی ہے، تو کیا مسئلہ ہے؟ اگلے کو جینے دینا چاہیے۔

دریں اثناء اداکارہ کے شوہر عدیل حیدر نے سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا پر واہیات کمنٹس آتے ہیں جبکہ ہمارے نزدیک شادی کا مطلب رفاقت اور محبت ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب ہم ایک دوسرے کے ساتھ اتنا وقت گزار رہے تھے، ہمیں ایک دوسرے کی صحبت میں رہنا اچھا لگتا تھا تو ہم نے اس رشتے کو باضابطہ نام دینے کا فیصلہ کیا اور بڑی عمر یا کم عمری میں شادی کرنے میں کوئی خاص فرق نہیں ہے بلکہ بڑی عمر میں چیزیں زیادہ بہتر سمجھ آ جاتی ہیں۔

واضح رہے کہ جویریہ عباسی کا نکاح عدیل حیدر سے رواں برس 15 مارچ کو ہوا تھا جس کی چھوٹی سی تقریب گھر میں ہی منعقد کی گئی تھی۔

جویریہ عباسی نے رواں برس مئی میں سوشل میڈیا پر اپنی منگنی کا اعلان ایک ویڈیو کے ذریعے کیا تھا جس کے کچھ دن بعد ہی اداکارہ نے ایک ٹی وی شو کے دوران اپنی دوسری شادی کی تصدیق بھی کر دی تھی۔

جویریہ عباسی کی پہلی شادی 1997ء میں اداکار شمعون عباسی سے ہوئی تھی اور شادی کے 12 سال بعد 2009ء میں ان دونوں کی طلاق ہو گئی تھی۔

اس سابقہ جوڑی کی ایک بیٹی عنزیلہ عباسی ہیں جن کی شادی جویریہ عباسی نے گزشتہ برس کی ہے۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید