امریکا کی نامور ٹیکنالوجی کمپنی ایپل کی جانب سے اپنے صارفین کے لیے جلد سستا ترین آئی فون متعارف کرائے جانے کا امکان ہے۔
غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ایپل آئی فون ایس ای (فورتھ جنریشن) کی تیاری پر کام کر رہا ہے، جسے آئندہ برس 2025ء میں لانچ کیا جا سکتا ہے۔
اس نئے فون میں ایپل انٹیلی جنس نامی اے آئی ماڈل پر مبنی فیچرز بھی موجود ہو گا اور فیس آئی ڈی کے آپشن کا اضافہ بھی کیا جائے گا۔
بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق آئی فون ایس ای 4 کی باڈی آئی فون 14 کی طرح کی ہو گی، اس میں بھی ہوم بٹن نہیں ہو گا تاہم آئی فون 14 کے برعکس اس میں ایک 48 میگا پکسل کا کیمرا ہو گا۔
خیال رہے کہ اس سے قبل ایپل نے ایس ای سیریز کا آخری اپ ڈیٹڈ فون 2022ء میں ایس ای 3 کے نام سے لانچ کیا تھا جس میں 12 میگا پکسل کا کیمرا تھا۔
واضح رہے کہ فی الحال آئی فون ایس ای 3 (2022ء) ایپل کا سستا ترین فون ہے جس کی قیمت 429 ڈالرز ہے، تاہم مبینہ طور پر آئی فون ایس ای 4 کی قیمت اس سے کم ہونے کا امکان ہے۔