• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حافظ نعیم نے بلاول کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دیدی

تصویر: جیو نیوز اسکرین گریب
تصویر: جیو نیوز اسکرین گریب

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ تمام جماعتوں سے کہوں گا کہ غزہ کی آواز بننے کے لیے ساتھ دیں۔

اسلام آباد میں امیرِ جماعتِ اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور بلاول بھٹو زرداری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جماعتِ اسلامی سے ملاقات میں فلسطین کے مسئلے پر بات ہوئی، فلسطین میں مسلمان کی سر زمین پر قبضے کی ایک نئی مہم اسرائیل نے 7 اکتوبر سے شروع کی۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ اسرائیل کی پوری سازش میں غزہ کے مسلمانوں کا قتلِ عام کیا گیا، اسرائیل کو عالمی انسانی حقوق کی کوئی پرواہ نہیں، اسرائیل نے لبنان میں موبائل فون اور پیجر کو بموں میں تبدیل کیا۔

انہوں نے کہا کہ جماعتِ اسلامی اور پیپلز پارٹی کے سیاسی اختلاف ایک طرف فلسطین کے مسئلے پر ایک پیج پر ہیں، فلسطین کی صورتِ حال پر تمام پاکستان کو ایک پیج پر ہونا چاہیے۔

بلاول بھٹو نے یہ بھی کہا کہ جماعت اسلامی کی غزہ میں مسلمانوں کے قتلِ عام کی آگاہی پر تعریف کرتے ہیں۔

اس موقع پر حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ اسرائیل ایک سال سے غزہ کے لوگوں کی نسل کشی کررہا ہے، بد قسمتی سے اسرائیل کو روکنے والا کوئی نہیں، امریکا اس کی پشت پر کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پر مسلم عوام کو ساتھ دینا ہوگا، بلاول بھٹو زرداری اور پیپلزپارٹی کی ٹیم سے اچھی میٹنگ ہوئی۔

حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو 7 اکتوبر کے احتجاج میں شرکت کی دعوت دی ہے، فلسطین کے مسئلے پر جماعت اسلامی اور ذوالفقار بھٹو کا مضبوط مؤقف رہا ہے۔

قومی خبریں سے مزید