لاہور (نمائندہ خصوصی) نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ بدامنی، فساد اور پھیلتی جنگ کا ذمہ دار اسرائیل ہے، آئین میں مجوزہ ترامیم متنازع اور بدنیتی پر مبنی ہیں۔لیاقت بلوچ نے ملی یکجہتی کونسل کے مرکزی وفد کے ساتھ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارت خانہ میں ایرانی سفیر ڈاکٹر رضا امیری مقدم سے ملاقات کی اور فلسطین، لبنان کے شہدا اور مجاہد رہنما سید حسن نصراللہ شیخ کی شہادت پر تعزیتی کتاب میں پیغام قلم بند کیا ، ملی یکجہتی کونسل وفد میں علامہ عارف حسین واحدی، سید ناصر شیرازی، انجینئر نصراللہ رندھاوا، علامہ احمد اقبال، ڈاکٹر علی عباس اور دیگر رہنما بھی شریک تھے۔ مزیدبرآں جماعت اسلامی لاہورکے وفد نے ایرانی قونصل خانے کا دورہ کیا۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ نے وفد کی قیادت کی۔