• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

7اکتوبر کو مقبوضہ فلسطین کے علاقےغزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک سال مکمل ہونے پر وزیراعظم شہبازشریف کی طرف سے آل پارٹیز کانفرنس بلائے جانے کا فیصلہ مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ غیرمتزلزل یک جہتی کا مظہر ہے۔حالات کا تقاضا ہے کہ ملک کی تمام جماعتیں ،انسانی حقوق کی تنظیمیں اور 25کروڑ عوام یک زبان ہوکر فلسطین پر اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھائیںجو اقوام متحدہ سمیت انسانیت کے دعویداروں کےعالمی ایوانوں میں گونجے۔یہ فیصلہ جمعہ کے روز چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری اور امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن کی وزیراعظم کے ساتھ ہونے والی ملاقات کے موقع پر کیا گیا۔ یوم یک جہتی فلسطین اور آل پارٹیز کانفرنس کیلئے نائب وزیراعظم اسحاق ڈار،شیری رحمٰن،خواجہ سعد رفیق اور نیئر بخاری پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ،جس کے ذمے جملہ انتظامات ہونگے۔ فلسطین کے مسلمان بہن بھائیوں سے یک جہتی کیلئے7اکتوبر کو اجتماعات اور سیمینار منعقد ہوں گےجبکہ آل پارٹیز کانفرنس میں صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہبازشریف شرکت کریں گے۔ بدقسمتی سے مقبوضہ کشمیراور فلسطین کے مظلوموں کی دادرسی کرنے کی بجائےاقوام متحدہ ان پر ظلم کے پہاڑ توڑنے والے بھارت اوراسرائیل کے حق میں بہتر ثابت ہوا ہے۔آزاد فلسطینی ریاست کے قیام میں ناکامی کا ایک اور اہم عنصر بڑی طاقتوں کی حمایت کا فقدان ہے۔امریکہ روایتی طور پر اسرائیل کا حمایتی رہا ہے،اس کےقریبی دوست ہر موقع پر اسرائیل کے ساتھ کھڑےہیں۔اس صورتحال میںمسلم ممالک اسرائیل کے خلاف محض مذمتی قراردادوں سے آگے نہیں بڑھے۔پاکستان میں 7اکتوبر کا دن اس لحاظ سے کارگر ثابت ہونا چاہئے کہ اس کی مظلوم فلسطینیوں کیلئے اٹھائی جانے والی آواز مسلم ممالک تک موثر پیغام کی شکل میں پہنچے۔

تازہ ترین