• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا 1 برس مکمل، لندن میں اسرائیل مخالف بڑا احتجاج

فلسطینی علاقے غزہ پر اسرائیلی جارحیت کا ایک برس مکمل ہونے پر برطانوی دارالحکومت لندن میں بڑا احتجاج کیا گیا۔

اسرائیل کے خلاف فلسطین سالیڈیرٹی کیمپین اور دیگر جنگ مخالف تنظیموں نے احتجاجی مظاہرے کا آغاز رسل اسکوائر سے کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرے کے شرکاء غزہ پر حملے کے ایک برس مکمل ہونے پر اسرائیل مخالف نعرے لگاتے ہوئے وائٹ ہال پہنچے ہیں۔

احتجاجی مظاہرے شرکاء نے موقف اختیار کیا اسرائیل کی بمباری کے سبب تقریباً 42 ہزار فلسطینی شہید کیے جاچکے ہیں، عالمی طاقتیں کب اس بات کا نوٹس لیں گی کہ اسرائیل دفاع کے نام پر قتل عام کر رہا ہے۔

شرکاء نے مزید کہا کہ اسرائیلی جارحیت کو نہ روکنے پر وہ لبنان پر حملہ آور ہوا، کل دیگر ممالک نشانے پر ہوں گے، برطانیہ، اسرائیل کو جنگی ہتھیاروں کی فراہمی بند کرکے امن کو یقینی بنائے۔

وسطی لندن میں امن و امان قائم رکھنے کےلیے سیکڑوں اضافی پولیس اہلکار تعینات کیے گئے، احتجاجی شرکاء نے مطالبہ کیا کہ برطانوی حکومت مسئلہ فلسطین کے مستقل حل کےلیے اپنا کردار ادا کرے۔

برطانیہ میں اسرائیل حماس جنگ کے آغاز کے بعد اسلاموفوبیا میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، گزشتہ ایک برس کے دوران مسلمانوں کے ساتھ تقریباً 5 ہزار نفرت انگیز واقعات پیش آئے۔

بین الاقوامی خبریں سے مزید