وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ امن و امان قائم رکھنے میں فوج، پولیس اور رینجرز کا کردار قابل ستائش ہے۔ اسلام آباد پر دھاوے کو ناکام بنانے پر اسلام آباد پولیس نے شاندار کردار ادا کیا۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو اسلام آباد کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ دی۔
اس سلسلے میں جاری اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے اسلام آباد میں امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کےلیے اقدامات کی ستائش کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک فوج، پنجاب پولیس اور رینجرز کے دستوں نے بھی امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ کانسٹیبل عبدالحمید شاہ نے عوام کے جان و مال کا تحفظ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، قوم کانسٹیبل حمید شاہ کی قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہید کانسٹیبل کے اہل خانہ کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعطم نے شہید کے اہل خانہ کا مکمل طور پر خیال رکھنے کی ہدایت کی۔
دریں اثنا وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اسلام آباد کے شہریوں کی جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنایا گیا۔ اسلام آباد میں صورتحال تیزی سے معمول کی طرف لوٹ رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معیشت کی ترقی اور مملکت خداداد کی خوشحالی ہماری اولین ترجیح ہے، سیاسی مخالفین کو پاکستان کی معیشت میں بہتری ہضم نہیں ہو رہی۔
وزیراعظم نے کہا کہ دنیا پاکستان کی معاشی پالیسیوں کی معترف ہے۔ سیاسی مخالف پاکستان کی ترقی میں رخنہ ڈالنا چاہتے ہیں۔
علاوہ ازیں وزیر داخلہ محسن نقوی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ اہم شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہیں، صورتحال تیزی سے معمول پر آ رہی ہے۔
وزیر داخلہ نے وزیراعظم کو سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی پر بھی بریفنگ دی اور کہا کہ سری لنکا میں قید 56 پاکستانی قیدی آج وطن واپس پہنچیں گے۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیر نجکاری عبدالعلیم خان سری لنکا سے پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے تمام اخراجات برداشت کریں گے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے سری لنکا سے قیدیوں کی واپسی کے حوالے سے وزیر داخلہ اور وزیرنجکاری کی کوششوں کی تعریف کی۔