چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ سمندری طوفان کا پاکستان کی ساحلی پٹی سے ٹکرانے کا کہنا انتہائی قبل از وقت ہے۔
’جیو نیوز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے سردار سرفراز نے کہا کہ این ڈی ایم اے نے بحیرۂ عرب میں ممکنہ سمندری طوفان کا الرٹ جاری کیا، الرٹ کے مطابق اکتوبر کے تیسرے ہفتے میں ممکنہ طور پر طوفان پاکستان کا رخ کر سکتا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سمندری طوفان اب تک بنا ہی نہیں ہے، 9 یا 10 اکتوبر تک بحیرۂ عرب کے جنوب مشرق میں ہوا کا کم دباؤ بن سکتا ہے، اگر سازگار موسمی حالات ملتے ہیں تو ہوا کا کم دباو شدت اختیار کر سکتا ہے۔
سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ مون سون کے بعد بننے والے اکثر سمندری طوفان عمان کی جانب ہی جاتے ہیں، اس سسٹم کو شدت اختیار کرنے میں 5 سے 6 دن لگ سکتے ہیں۔
چیف میٹرولوجسٹ نے یہ بھی کہا کہ طوفان بننے کے بعد ہی اس کے ممکنہ ٹریک کو واضح طور پر بتایا جا سکتا ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے کے ترجمان کا کہنا ہے کہ آئندہ دو ہفتے میں بحیرۂ عرب میں ممکنہ طور پر سمندری طوفان بن سکتا ہے، طوفان کا ممکنہ رخ پاکستان کی جانب ہو سکتا ہے۔
ترجمان نے بتایا کہ این ڈی ایم اے ممکنہ طوفان کی مانیٹرنگ کر رہا ہے، تمام متعلقہ اداروں سے رابطے میں ہیں۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی کا موسم آئندہ 4 سے 5 روز کے دوران گرم، کبھی شدید گرم اور خشک رہے گا۔
نچلی فضا میں ہوا کا زائد دباؤ کراچی میں گرم موسم کا سبب بن رہا ہے، شہر میں دن کے درجۂ حرارت 38 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں زیادہ تر شمال مغرب سے گرم اور خشک ہوائیں چلیں گی۔
سندھ کے بیشتر مقامات پر موسم گرم اور خشک رہے گا جبکہ آج قمبر شہداد کوٹ، جیکب آباد، لاڑکانہ اور شکار پور میں کہیں کہیں ہلکی بارش متوقع ہے۔