کوئٹہ میں خواتین میں حفظان صحت کی کٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد کی گئی۔
حفاظتی کٹس وزارت موسمیاتی تبدیلی اور چین کے تعاون سے پیش کی گئیں۔
وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر رومینہ خورشید عالم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پسماندہ علاقوں کی خواتین کو صحت و صفائی کے مسائل کا سامنا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ حفظان صحت کی کٹس تقسیم کرنے کا مقصد خواتین کو بااختیار بنانا ہے، یہ اقدام پاک چین اقتصادی راہداری کے تحت جاری تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس پروگرام کا مقصد خطے میں سماجی و اقتصادی حالات بہتر بنانا ہے۔
رومینہ خورشید نے بتایا کہ اس سے پہلے حب اور اوتھل کے اسکولوں کی طالبات میں حفظانِ صحت کی کٹس تقسیم کی ہیں، اسکولوں میں ڈراپ ریٹ کم اور بچیوں کو صحت کے مسائل حل کرنے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر چیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی ثمینہ زہری نے کہا کہ بلوچستان میں حفظانِ صحت اور صفائی کی حالت تشویش ناک ہے، سیوریج سسٹم، صاف پانی، ہاتھ دھونے کے صابن تک عدم رسائی خواتین میں صحت کے مسائل بڑھا رہی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ لڑکیوں اور خواتین کو حفظان صحت اور صفائی کی اہمیت پر خصوصی آگاہی ضروری ہے۔