وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ہڑتال کی وجہ سے 190 ارب روپے یومیہ کا نقصان ہوتا ہے، معاشی استحکام کےلیے کیے اقدامات کے ثمرات آنا شروع ہوگئے۔
خصوصی گفتگو میں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ مہنگائی کی شرح سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے، آنے والے دنوں میں مہنگائی مزید کم ہوگی، آئندہ پالیسی ریٹ میں مزید کمی کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں محنت سے معاشی استحکام لائے، اقتصادی ڈھانچے میں اصلاحات کا عمل شروع ہوچکا ہے، ہڑتالوں کے ملکی معیشت پر گہرے اثرات پڑتے ہیں۔
سینیٹر محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ ہڑتالوں اور احتجاج کے معیشت پر منفی اثرات پڑتے ہیں، جو لوگ ہڑتال کی کال دیتے ہیں ان کو بھی سوچنا چاہیے، وہ اپنے مسائل کے حل کے لیے مذاکرات کریں۔ ہڑتال سے یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان ہوتا ہے
انہوں نے کہا کہ عوام کو مزید ریلیف دینے کےلیے آئی پی پیز سے بات ہو رہی ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ نے یہ بھی کہا کہ چینی بھائیوں کے جانی نقصان کا کوئی تخمینہ نہیں لگایا جاسکتا، 2 چینی آئی پی پیز کے انجینئر تھے اویس لغاری کے ساتھ مل کر کام کر رہے تھے۔