فرانسیسی حکام نے کہا ہے کہ القاعدہ کے بانی اسامہ بن لادن کے بیٹے عمر بن لادن کے ملک میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ عمر بن لادن اب کسی بھی وجہ سے فرانس واپس نہیں آسکتے۔
واضح رہے کہ عمر بن لادن کئی برس تک اپنی برطانوی اہلیہ کے ساتھ فرانس کے گاؤں نارمنڈی میں مقیم رہے جہاں وہ بطور آرٹسٹ کام کرتے تھے۔
انھیں گزشتہ برس فرانس چھوڑنے کا حکم دیا گیا تھا اور دو سال کےلیے فرانس آنے پر پابندی لگائی گئی تھی۔ اس وقت عمر بن لادن قطر میں مقیم ہیں۔
فرانس کے نئے وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے کہا کہ انہوں نے اسامہ بن لادن کے بیٹے کو فرانس واپس آنے سے روکنے کا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
وزیر داخلہ نے اعلان کیا کہ عمر بن لادن کو سوشل میڈیا پر دہشت گردی کی حمایت کے الزام میں ملک بدر کیا گیا تھا۔
دوسری جانب عمر بن لادن نے اپنی بے گناہی کا دعویٰ کیا ہے۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا ہے کہ منگل کو علی الصبح فرانسیسی وزیر داخلہ برونو ریٹیلیو نے ایکس پر شیئر کی گئی ایک پوسٹ میں عمر بن لادن پر الزام لگایا کہ عمر لادن نے 2023 میں اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر قابل اعتراض تبصرے پوسٹ کیے۔
فرانسیسی وزیر داخلہ نے اس معاملے کو قومی سلامتی پر مبنی فیصلہ قرار دیا۔