• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں بین الاقوامی ٹیبل ٹینس ایونٹس کا انعقاد اعزاز کی بات ہے، لئیق احمد

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ کھیلوں سے محبت کرنے والے شہر کراچی میں بین الاقوامی اسپورٹس ایونٹس کا انعقاد لائق تحسین پیش رفت اور اعزاز کی بات ہے، سائوتھ ایشین جونیئر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کو خوش آمدید کہتے ہیں بلدیہ عظمیٰ کراچی کھیلوں کے فروغ اور سرپرستی کے لئے اپنی ذمہ داریاں بھر پور انداز میں نبھاتی رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہو ںنے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے سائوتھ ایشین جونیئر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شریک سری لنکا، مالدیپ، نیپال اور پاکستان کی ٹیموں کے اعزاز میں دیئے جانے والے شہری استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر پاکستان ٹیبل ٹینس فیڈریشن کے صدر ایس ایم سبطین اور دیگر عہدیداران کے علاوہ مشیر مالیات کے ایم سی آفاق مرزا، سینئر ڈائریکٹر کلچر اسپورٹس اینڈ ریکریشن سیف عباس، ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد،سینئر ڈائریکٹر فنانس راشد نظام ، ڈائریکٹر سی ایس آر سید خورشید شاہ اور دیگر افسران بھی موجود تھے،، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی ایشیائی ممالک میں کھیل خصوصاً ان ڈور کھیلوں کے فروغ میں یہ چیمپئن شپ اہم کردار ادا کرے گی اور اس کے ذریعے نئے اور ابھرتے ہوئے ٹیلنٹ کو سامنے آنے کا موقع ملے گا انہوںنے کہا کہ چیمئپن شپ میں شریک ممالک سری لنکا، نیپال اور مالدیپ سارک ممالک میں شامل ہیں اور ان تینوں ممالک کے ساتھ پاکستان کے گہرے دوستانہ تعلقات ہیں جو باہمی روابط کو مزید مضبوط بنانے کیلئے کھیلوں کے شعبے سمیت مختلف شعبوں میں ہمیشہ مکمل تعاون کیلئے کوشاں رہتے ہیں انہو ںنے کہا کہ پاکستان خصوصاً کراچی کے لوگ کھیلوں سے محبت کرتے ہیں اور اسپورٹس مقابلوں میں گہری دلچسپی لیتے ہیں جس کا ثبوت ماضی میں کراچی میں کامیابی کے ساتھ منعقد ہونے والے متعدد ملکی و بین الاقوامی سطح کے اسپورٹس ایونٹس ہیں جنہوں نے کراچی کو ایک’’ اسپورٹس لور سٹی ‘‘ اور امن پسند شہر کی حیثیت سے دنیا بھر میں متعارف کرایا ہے اور اس کے ذریعے شہر کا ایک مثبت امیج ابھرا ہے۔آخر میں ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے سائوتھ ایشین جونیئر اینڈ کیڈٹ ٹیبل ٹینس چیمپئن شپ میں شریک ٹیموں کے آفیشلز اور مینیجر کو سندھ کی روایتی اجرک  اور ٹوپی پیش کی اور ان کی آمد پر شکریہ ادا کیا۔
تازہ ترین