ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائیریکٹرز (ایمنڈ) نے پیمرا کی جانب سے ٹی وی چینلز کو دیے جانے والے نوٹسز کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اسے میڈیا پر دباؤ ڈالنے کی کوشش قرار دیا ہے۔
ایمنڈ کے اعلامیہ کے مطابق ٹی وی چینلز کو پیمرا کی جانب سے مسلسل اعلانیہ اور غیراعلانیہ پابندیوں کے احکامات کا سامنا ہے۔
اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ کراچی میں دہشتگردی کے واقعے کی کوریج کو بنیاد بنا کر متعدد ٹی وی چینلز کو شوکاز دیے گئے، شوکاز نوٹسز جاری کرنے کا مقصد غیر قانونی سنسرشپ کا اطلاق ہے۔
ایمنڈ نے کہا کہ نوٹسز میں عائد بے بنیاد الزامات کے برعکس ٹی وی چینلز نے کراچی میں دہشتگردی کے واقعےکی انتہائی ذمہ دارانہ کوریج کی۔
ایمنڈ کے مطابق چینلز نے قوانین، قومی و معاشرتی مفاد اور ٹیلی ویژن ضابطہ اخلاق کا خیال رکھا، جبکہ حکومتی اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کا موقف عوام تک پہنچایا۔
ایمنڈ نے کہا کہ ٹریفک کی روانی اور بندش سے متعلق بھی ناظرین کو آگاہی دی۔ تمام معلومات عوام تک پہنچانا میڈیا کا فرض اور عوام کا حق ہے، جسے ذمہ داری سے ادا کیا۔
ایمنڈ کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ چینلز کو بلاتفریق غیر قانونی نوٹسز جاری کیے گئے تاکہ انہیں دباؤ میں لایا جاسکے۔ اگر کسی چینل نے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کی تو اسے قانون کے مطابق دیکھا جاسکتا ہے۔
ایمنڈ نے کہا تمام چینلز کو نوٹسز جاری کرنا بدنیتی کا عکاس اور ناقابل قبول ہے۔ ایمنڈ نے میڈیا کی دیگر تنظیموں سے رابطے اور ایمنڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کا اجلاس بلانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ اجلاس میں عدالتوں سے رجوع کرنے سمیت تمام آپشن پر غور کیا جائے گا۔