ایک نئی تحقیق کے مطابق نوعمری میں کی جانے والی دوستیاں مستقبل کی خوشی کی بنیاد فراہم کرتی ہیں۔
محققین نے پایا کہ ابتدائی نوعمری میں ساتھیوں کی جانب سے قبولیت اور بڑی عمر میں قریبی تعلقات بنانے کی صلاحیت، اس بات کی نشاندہی کرتی ہے کہ کوئی فرد بالغ زندگی میں کتنا متوازن ہوگا۔
جیمز میڈیسن یونیورسٹی کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈیوڈ سوزویڈو نے کہا کہ "نوعمری کے دوران دوستیاں نوجوانوں کو قریبی اور متفقہ تعلقات بنانے کا پہلا موقع فراہم کرتی ہیں۔"
تحقیق میں 13 سے 18 سال کی عمر کے 184 امریکی طلباء کا انٹرویو لیا گیا اور بعد میں ان کی صحت، کیریئر اور ذاتی زندگی کے بارے میں 28 سے 30 سال کی عمر میں معلومات حاصل کی گئیں۔
تحقیق میں یہ بھی پایا گیا کہ ٹین ایج میں دوستی کی مختلف اقسام نوجوانوں کےلیے مختلف فوائد رکھتی ہیں۔
کم عمر نوعمروں کےلیے عمومی طور پر قبولیت اہم ہوتی ہے، جبکہ بڑی عمر کے نوعمر افراد کےلیے چند قریبی دوستوں کے ساتھ گہرے تعلقات زیادہ فائدہ مند ہوتے ہیں۔
یہ تحقیق "فرنٹیئرز ان ڈیولپمنٹل سائیکالوجی" نامی جریدے میں شائع ہوئی ہے۔