بالی ووڈکنگ شاہ رخ خان کی بھارتی سیاستداں بابا صدیق کی نمازِ جنازہ میں غیر موجودگی کی وجہ سامنے آ گئی۔
شاہ رخ خان نے لارنس بشنوئی گینگ کے ہاتھوں قتل ہونے والے بھارتی سیاستداں بابا صدیق سے دوستانہ تعلقات ہونے کے باوجود بھی ان کی نمازِ جنازہ میں شرکت نہیں کی۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ میں اداکار کے قریبی ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ شاہ رخ خان نے بابا صدیق کے قتل کیس اور سیاست سے خود کو دور رکھنے کے لیے نمازِ جنازہ میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس کیس کو پہلے ہی سلمان خان اور شاہ رخ خان سے جوڑا جا رہا ہے کیونکہ بابا صدیق کے ان دونوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات تھے۔
رپورٹ کے مطابق شاہ رخ خان یہ جانتے ہیں کہ لارنس بشنوئی گینگ کا سرکٹ کیسے کام کرتا ہے اس لیے وہ کوئی نقصان نہیں اٹھانا چاہتے۔
یاد رہے کہ 2008ء میں شاہ رخ خان اور سلمان خان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہو گئے تھے اور بعد ازاں یہ کشیدگی 2013ء میں بابا صدیق کی مشہور سالانہ افطار پارٹی میں ختم ہوئی تھی۔
بھارتی سیاستداں بابا صدیق کو 12 اکتوبر کو ممبئی کے شہر باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان صدیق کے دفتر کے باہر گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
ان کی نمازِ جنازہ کی ادائیگی اور تدفین 13 اکتوبر کو سرکاری اعزاز کے ساتھ کی گئی۔