مجوزہ آئینی ترمیم کے معاملے پر جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے تینوں بڑی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
بلاول بھٹو زرداری اور مولانا فضل الرحمان کے درمیان رات گئے ہونے والی ملاقات ختم ہوگئی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات ایک گھنٹہ جاری رہی۔ بلاول بھٹو مولانا فضل الرحمان سے گھر سے روانہ ہوگئے۔
بلاول بھٹو زرداری رات گئے مولانا فضل الرحمان کے گھر پہنچے تھے، دونوں رہنماؤں کے درمیان ملکی سیاسی صورتحال اور مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم پر تبادلہ خیال ہوا۔
ملاقات میں بلاول بھٹو زرداری کے ہمراہ نوید قمر، مرتضیٰ وہاب اور جمیل سومرو موجود تھے۔
مولانا فضل الرحمان کے ساتھ مولانا لطف الرحمان، مولانا اسعد محمود اور کامران مرتضیٰ موجود تھے۔
اس سے پہلے اسحاق ڈار اور نوید قمر نے بھی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی تھی۔
پی ٹی آئی کا وفد بھی مولانا کے گھر آیا تھا، جس میں بیرسٹر گوہر، حامد خان اور بیرسٹر علی ظفر بھی شامل تھے۔
حکومت اور اپوزیشن رہنماؤں نے مجوزہ آئینی ترمیم پر مشاورت کی۔