انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے دو وینیوز کے بعد بھارتی ٹیم کے لیے ایک اور آپشن سامنے آ گیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے بھارتی بورڈ کو پاکستان میں میچ کھیل کر وطن واپس جانے کی بھی آفر کی ہے، میچ کھیلنے کے بعد چندی گڑھ یا نئی دہلی ٹریول کرنے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
پاکستان میں میچ کھیلنے کے بعد بھارتی ٹیم اگر چاہے تو ان شہروں میں سے کسی ایک میں قیام کرے، رہائش کے لیے دہلی یا چندی گڑھ رہنے کا آپشن سیکیورٹی خدشات کے باعث دیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق پی سی بی نے بھارتی ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی میں شرکت کو ممکن بنانے کے لیے آپشن کھلے رکھے ہیں۔
بھارتی حکومت یا بھارتی کرکٹ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی کے لیے ٹیم پاکستان بھیجنے کا تاحال اعلان نہیں کیا۔
اس سے قبل بھارت کے میچز ایک کے بجائے دو وینیوز پر رکھنے کی تجویز سامنے آ چکی ہے۔
رپورٹس کے مطابق پی سی بی لاہور کے ساتھ دوسرے وینیو راولپنڈی کو رکھنے پر رضا مندی ظاہر کر چکا ہے۔
بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان آنے یا نہ آنے کا فیصلہ بھارتی حکومت کو کرنا ہے۔
مجوزہ شیڈول کے مطابق انڈین ٹیم کے چیمپئنز ٹرافی کے تین گروپ میچز لاہور میں شیڈول ہیں، زیادہ ٹریولنگ نہ ہو اس لیے مجوزہ شیڈول میں بھارت کے میچز ایک وینیو لاہور میں رکھے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ میچ کے بعد ’ٹریول بیک‘ کئی آپشنز میں سے ایک آپشن ہے، بھارتی ٹیم میچ کی صبح آئے اور میچ کھیل کر واپس چلی جائے، آپشن کا حصہ ہے۔
پاک بھارت بورڈز کے درمیان ہونے والے رابطوں کے دوران مختلف آپشنز پر بات ہوئی ہے۔