ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان اور چیئرمین ملک یونس نے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ 26 ویں آئینی ترمیم ملک میں مضبوط جمہوریت کی کنجی ثابت ہو گی، ترمیم کے نفاذ پر ن لیگ جاپان یومِ تشکر منائے گی۔
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس کا کہنا ہے کہ نئی آئینی ترمیم سے حکومت پر ڈاکا زنی کے تمام راستے بند ہو گئے، توقع ہے کہ اب اتحادی حکومت 5 سال پورے کرے گی اور پاکستان ترقی کے سفر پر گامزن رہے گا۔
اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے 26 ویں آئینی ترمیم پر پوری قوم کو مبارک باد کا پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اس نئی آئینی ترمیم سے ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں گے اور کوئی ادارہ دوسرے ادارے کے کام میں مداخلت نہیں کر سکے گا۔
ان کا کہنا ہے کہ نئی آئینی ترمیم سے ماضی میں جس طرح میاں نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے کے خود ساختہ قانون کے تحت نکالا گیا، وہ تمام راستے بند ہو گئے ہیں، جس پر پیپلز پارٹی، ن لیگ، جے یو آئی اور ایم کیو ایم کی قیادت کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ اب حکومت ملک کی معیشت کی بہتری کے لیے یکسوئی سے کام کر سکے گی اور ملک سے مہنگائی کا خاتمہ کر کے عوام کا معیارِ زندگی بہتر بنا سکے گی۔