’’کچھ کچھ ہوتا ہے‘‘ اور ’’کبھی خوشی کبھی غم‘‘ جیسی مشہور فلمیں بنانے والی پروڈکشن کمپنی دھرما پروڈکشنز نے اپنے 50 فیصد شیئرز بھارت کی سب سے بڑی ویکسین بنانے والی کمپنی کو ایک ہزار کروڑ روپے میں بیچ دیے۔
پچھلے کچھ سالوں سے کرن جوہر کی پروڈکشن کمپنی کی کوئی بھی فلم باکس آفس پر اچھا بزنس نہیں کر پائی ہے۔ دھرما پروڈکشنز 1976 میں کرن جوہر کے والد یش جوہر نے قائم کی تھی۔
ادار پونا والا کی سیرین پروڈکشن کرن جوہر کے دھرما پروڈکشنز اور دھرمیٹک انٹرٹینمنٹ میں تقریباً 12 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔
کرن جوہر کے پاس اب 50 فیصد شیئر بچیں گے، وہ اس کمپنی کے کریٹیو وژن کے ایگزیکیٹو چیئرمین ہوں گے۔
جبکہ بطور سی ای او اپوروا مہتا کرن جوہر کے ساتھ اشتراک کرتے ہوئے اسٹریٹیجک ڈائریکشن کو گائیڈ کریں گے اور اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ ادارے کے اندر آپریشنل بہتری آئے۔
واضح رہے کہ بالی ووڈ فلم انڈسٹری کوویڈ 19 کے بعد سے برے وقت سے گزر رہی ہے۔