انٹرنیشنل فائٹنگ ٹورنامنٹ تھری میں شرکت کیلئے بھارتی مکسڈ مارشل آرٹس کا 11 رُکنی دستہ واہگہ بارڈر کے راستے لاہور پہنچ گیا۔ پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس فیڈریشن کے عہدیداران نے مہمان فائٹرز کا استقبال کیا۔
بھارتی مکسڈ مارشل آرٹس کا دستہ واہگہ بارڈر کے ذریعے لاہور پہنچا تو پاکستان مکسڈ مارشل آرٹس کے فیڈریشن کے صدر بابر راجہ اور دیگر عہدیداروں نے مہمان فائٹرز اور سپورٹ اسٹاف کے اراکین کو گلدستے پیش کیے۔
اس موقع پر جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے فائٹرز اور کوچز نے کہا کہ پاکستان آکر بہت اچھا لگ رہا ہے، شاندار استقبال ہوا ہے، اب پاکستان کے فائٹرز کے ساتھ مقابلوں کے منتظر ہیں۔
منتظمین کا کہنا تھا کہ پاک بھارت دلچسپ فائٹس سے ایم ایم اے کے کھیل کو فروغ ملے گا، کھیلوں کے ذریعے دوستی کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔
بھارتی دستے کو واہگہ بارڈر سے مقامی ہوٹل پہنچایا گیا۔
اگلے دو روز مقامی کلب میں پاک بھارت فائٹرز کے وزن اور فیس آف ہوں گے، جبکہ مقابلے پاکستان کے پہلے اسپورٹس چینل جیو سوپر پر نشر کیے جائیں گے۔