وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ پولیس وینز پر حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا ہے، اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا مل گئی ہوتی تو یہ نوبت نہ آتی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران عطا تارڑ نے کہا کہ 2 گاڑیاں اور اسلحہ قبضے میں لے لیا گیا ہے، معاملے کا مقدمہ درج ہوچکا، سخت قانونی کارروائی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس وینز پر حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا، ایم پی اے لیاقت کے صاحبزادے کو گرفتار کیا گیا ہے۔
عطا تارڑ نے مزید کہا کہ جب پریزن وین کی رفتار آہستہ ہوئی تو انہوں نے حملہ کیا، پولیس نے بہادری کے ساتھ اس منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کا ردعمل بہت مضحکہ خیز ہے، اس میں ایم پی اے کا بیٹا ملوث ہے، اس کے خلاف بھی کارروائی کی جارہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات نے یہ بھی کہا کہ چار افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی، اگر 9 مئی کے ملزمان کو سزا مل گئی ہوتی تو یہ نوبت نہ آتی۔
انہوں نےکہا کہ زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے، 25 سے 30 ملزمان نے حملہ کیا تھا۔