راولپنڈی ٹیسٹ میچ کا فیصلہ تیسرے دن کے پہلے سیشن میں ہوگیا، پاکستان نے انگلینڈ کو 9 وکٹ سے ہرا کر 3 میچز کی سیریز 1-2 سے جیت لی۔
آج ایک مرتبہ پھر انگلش بیٹرز پاکستانی اسپنرز کے آگے بے بس دکھائی دیے، پنڈی ٹیسٹ کے تیسرے دن انگلینڈ کی ٹیم دوسری اننگز میں 112 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی تھی جس کے بعد پاکستان کو جیت کے لیے صرف 36 رنز کا ہدف ملا تھا۔
گزشتہ روز انگلینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 24 رنز بنا لیے تھے جس کے بعد آج پاکستان کو کھیل کا آغاز ہونے کے کچھ ہی دیر بعد کامیابی مل گئی۔
انگلینڈ کی چوتھی وکٹ 66 رنز پر گری، ہیری بروک کو نعمان علی نے 26 رنز پر آؤٹ کیا۔
کچھ ہی دیر بعد انگلینڈ کی پانچویں وکٹ 70 رنز پر گر گئی، بین اسٹوکس کو بھی نعمان علی نے 3 رنز پر آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی چھٹی وکٹ 75 رنز پر گری، جیمی اسمتھ کو ساجد خان نے 3 رنز پر بولڈ کیا۔
انگلینڈ کی ساتویں وکٹ 85 رنز پر نعمان علی نے حاصل کی، انہوں نے جو روٹ کو 33 رنز پر آؤٹ کیا۔
انگلش ٹیم کی آٹھویں وکٹ 97 اور نویں وکٹ 106 رنز پر گریں، دونوں وکٹیں ساجد خان نے حاصل کیں۔
انگلینڈ کی آخری وکٹ 112 رنز پر گری جو کہ نعمان علی نے حاصل کی۔
دوسری اننگز میں نعمان علی نے 6 اور ساجد خان نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے پاکستان نے صرف ایک وکٹ گنوائیں، صائم ایوب 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جس کے بعد پاکستان نے باآسانی 3.1 اوورز میں 36 رنز کا ہدف مکمل کرلیا۔
کپتان شان مسعود 23 اور عبداللّٰہ شفیق 5 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
انگلینڈ نے پہلی اننگ میں 267 رنز بنائے تھے جس کے بعد پاکستان ٹیم نے 344 رنز بنائے تھے۔
سعود شکیل عمدہ بیٹنگ پر پلیئر آف دی میچ اور عمدہ بولنگ پر ساجد خان پلیئر آف دی سیریز قرار پائے۔
تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے صائم ایوب، عبداللّٰہ شفیق، کپتان شان مسعود، کامران غلام، سعود شکیل، محمد رضوان، سلمان علی آغا، عامر جمال، نعمان علی، زاہد محمود اور ساجد خان پلیئنگ الیون میں شامل ہیں۔
انگلش ٹیم نے راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے 2 تبدیلیاں کی ہیں جس کے بعد پلیئنگ الیون میں زیک کراؤلی، بین ڈکٹ، اولی پاپ، جو روٹ، ہیری بروک، کپتان بین اسٹوکس، جمی اسمتھ، گس ایٹکنسن، ریحان احمد، جیک لیچ اور شعیب بشیر ٹیم کا حصہ ہیں۔
واضح رہے کہ ملتان میں سیریز کا کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ انگلینڈ کے نام رہا تھا، جبکہ دوسرا ٹیسٹ پاکستان نے جیتا تھا۔