• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

رینجرز اختیارات میں توسیع، چوہدری نثار کا وزیراعلیٰ سندھ کو خط

Rangers Powers Extendedchaudhry Nisar Send Letter To Qaim Ali Shah
سندھ میں رینجرز اختیارات کی توسیع پر وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کو خط لکھا ہے،جس میں انہوں نے رینجرزکے قیام اوراختیارات کی توسیع میں تاخیر پر اظہار تشویش کیا ہے۔

رینجرز کے قیام اور اختیارات کے معاملے پر سندھ حکومت اور وفاق پھرآمنے سامنے آگئیں،وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا ہے کہ رینجرز کو چار سنگین جرائم کے خاتمے کیلئے خصوصی اختیارات صرف کراچی کیلئے دیئے گئے، سندھ کے دیگر شہروں سے ان کا کوئی تعلق نہیں۔

وزیر داخلہ چوہدری نثار نے بذریعہ خط سید قائم علی شاہ پر زور دیا ہے کہ اس معاملے میں تاخیر، آپریشن کو متاثر کرے گی، صوبہ سندھ میں رینجرز کے قیام کی مدت اور خصوصی اختیارات آج رات بارہ بجے ختم ہوجائیں گے۔

رینجرز کے قیام کی مدت میں ایک سال اور خصوصی اختیارات میں 90 دن کی توسیع کی سمری تاحال وزیراعلیٰ سندھ کی منظوری کی منتظر ہے۔

رینجرز کو 90 روز کی تفتیشی حراست کے اختیارات 15 جون کو جبکہ تحفظ پاکستان ایکٹ کی مدت بھی 15 جولائی کو ختم ہوچکی ہے۔

چوہدری نثار نے وزیراعلیٰ سندھ کے نام خط میں زور دیا ہے کہ اس معاملے میں تاخیر آپریشن کو متاثر کرے گی،وزیر اعلیٰ سندھ اپنے اختیارات استعمال کریں۔

تاہم سید قائم علی شاہ کا دو ٹوک جواب کچھ یوں سامنے آیا کہ رینجرز کے اختیارات کراچی تک محدود تھے،کراچی میں آپریشن 2013ء سے جاری ہے تاہم صوبائی حکومت،سندھ کے دیگر شہروں میں اس کی اجازت پر رضامند نہیں، وزیراعلیٰ کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر پارٹی لیڈر شپ فیصلہ کرے گی۔
تازہ ترین